کے ٹی آر اور مہیشور ریڈی حقائق سے لاعلم، کانگریس حکومت کسانوں کی بھلائی میں سنجیدہ
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے دھان کی فروخت اور چاول کی خریدی میں بھاری اسکام سے متعلق بی آر ایس اور بی جے پی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ رکن کونسل جیون ریڈی کے ہمراہ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کررہے ہیں اور اسکام کے بارے میں الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ کو 58 ہزار کروڑ کا مقروض بنادیا گیا تھا۔ سیول سپلائیز کارپوریشن میں سابق بی آر ایس دور حکومت میں قرضہ جات 11000 کروڑ تک پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں سے تمام اقسام کی دھان خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور حالیہ بارش سے متاثرہ دھان بھی خریدی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ اور مہیشور ریڈی حقائق جانے بغیر ہی غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملرس سے رقومات حاصل کرنا تو دور کی بات ہے ملرس سے ملاقات تک نہیں کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سیاسی کیریئر میں ان کے خلاف آج تک بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں ہے اور کے ٹی آر اور مہیشور ریڈی کی الزام تراشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ ایسے ملرس جنہوں نے قواعد کی خلاف ورزی کی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مہیشور ریڈی نے نئی دہلی میں بی جے پی قائدین کو بھاری رقومات دے کر بی جے پی کے فلور لیڈر کا عہدہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے مہیشورریڈی کو فلور لیڈر مقرر کیا گیا اور وہ اوور ایکشن کے ذریعہ میڈیا میں جگہ پانا چاہتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کے ٹی آر اور مہیشور ریڈی دھان کے معاملہ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس سے دونوں پارٹیاں بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہیں۔ 1