دھرانی پورٹل میں خامیوں سے اراضی ملکیت کے مسائل

   

فیلڈ ویزٹ اور متاثرین سے ملاقات کرنے کمیٹی کا منصوبہ
حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اراضی کی ملکیت کے مسائل ’دھرانی‘ پورٹل کے سبب پیدا ہوئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر دھرانی پورٹل کی خامیوں کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی فیلڈ ویزٹ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ متاثرین سے ملاقات کرے گی۔ رکن کمیٹی مسٹر کودنڈا ریڈی نے ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کمیٹی سے جو تجاویز اور سفارشات طلب کی ہیں ان کو نظر میں رکھتے ہوئے کمیٹی انہیں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لے رہی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد عوام کو ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کرنا ہے اور اس کے لئے کمیٹی اپنے طور پر پورٹل میں موجود نقائص کو دور کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔مسٹر کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس سی سی ایل اے کے دفتر میں 22 جنوری کو منعقد ہوگا اور وصول ہونے والی شکایات کے علاوہ نقائص کو دور کرنے کے لئے دھرانی پورٹل کی خامیوں کو یکجا کرتے ہوئے رپورٹ تیارکی جائے گی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر ریاستی حکومت سے پورٹل میں تبدیلیوں کی سفارشات کرتے ہوئے حکومت کو صورتحال سے واقف کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہو ںنے بتایا کہ اب تک دو اجلاسوں کے دوران جو نتیجہ اخذ کیا گیا ہے اس کے علاوہ آئندہ اجلاس میں حاصل ہونے والی تفصیلات پر مبنی ابتدائی رپورٹ حکومت کو جلد پیش کردی جائے گی اور حکومت سے خواہش کی جائے گی دھرانی پورٹل میں فوری طور پر تبدیلیاں لانے کے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے مالکین جائیدادکو راحت پہنچانے کے اقدامات شروع کئے جائیں۔3