دھرانی پورٹل میں خامیوں سے جائیداد مالکین اور بلڈرس کو مشکلات

   

پورٹل کے خلاف بلڈرس کی آواز بلند ، عدم اندراج کے باعث جائیدادوں کی فروخت سے محروم
حیدرآباد۔15۔نومبر(سیاست نیوز) دھرانی پورٹل میں پائی جانے والی خامیوں کے سبب نہ صرف جائیدادمالکین بلکہ بلڈرس کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور دھرانی پورٹل کی خامیوں پر اب بلڈرس اسوسیشن نے بھی آواز اٹھانی شروع کردی ہے اور کہہ رہے ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے دھرانی پورٹل روشناس کروائے جانے کے بعد سے جائیداد مالکین کے علاوہ بلڈرس کو بھی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تلنگانہ بلڈرس فیڈریشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ دھرانی پورٹل پر رجسٹریشن اور این اوسی کے لئے درخواستوں کے ادخال کی سہولت نہ ہونے کے سبب انہیں جائیدادوں کی منتقلی کی تفصیلات کے اندراج میں مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور جائیداد مالکین جو اپنی جائیدادوں کی نشاندہی کے باوجود انہیں فروخت کرنے سے قاصر ہیں وہ ان جائیدادوں کی حقیقی قیمتوں سے محروم ہونے لگے ہیں۔تلنگانہ بلڈرس فیڈریشن کے صدر مسٹر پرساد راؤ نے بتایا کہ بلڈرس جن جائیدادوں کو خرید رہے ہیں ان میں 5فیصد اراضی کو حکومت کے پاس رہن رکھوانے کی جو شرط ہے اس کو پورا کرنے کے باوجود انہیں این او سی حاصل کرنے میں ہونے والی دشواریوں سے مشکل کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھرانی پورٹل کی خامیاں بلڈرس کے کاروبار کو متاثر کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔ دھرانی پورٹل پر جاری سیاست کے دوران تلنگانہ بلڈرس فیڈریشن کی جانب سے دھرانی پورٹل کی کارکردگی پر اٹھائے جانے والے سوالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ دھرانی پورٹل میں موجود خامیاں انتخابات پر اثر انداز ہوسکتی ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ دنوں اپنی انتخابی مہم کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ دھرانی پورٹل میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ صدرپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اے ۔ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو وہ دھرانی پورٹل کو برخواست کروانے کے اقدامات کریں گے۔دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان دھرانی پورٹل کے معاملہ میں جاری بیان بازی کے دوران تلنگانہ بلڈرس فیڈریشن نے بھی اس بات کی توثیق کردی ہے کہ دھرانی پورٹل سے بلڈرس کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اب تک اراضیات کے مالکین کی جانب سے اس بات کی شکایات کی جا رہی تھیں کہ ریاست میں دھرانی پورٹل کے روشناس کروائے جانے کے بعد سے انہیں جائیدادوں کی خرید و فروخت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔