اندرا پارک پر ایک روزہ احتجاجی دھرنا، ریونت ریڈی اور سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/6جولائی، ( سیاست نیوز) دھرانی پورٹل کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج اندرا پارک پر ایک روزہ احتجاج منظم کیا۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ پورٹل کی برخواستگی تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی اراضی جدوجہد کیلئے شہرت رکھتی ہے اور کانگریس پارٹی نے کسانوں کے خلاف تیار کردہ دھرانی پورٹل کی برخاستگی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ جو بھی ان کی اراضی حاصل کرنے کی کوشش کریں ان کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل میں ناموں کی تبدیلی کے ذریعہ کسانوں کو اراضیات سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پان شاپ کے قیام کیلئے جگہ نہیں ہے لیکن حکومت سرکاری اراضیات کو فروخت کررہی ہے تاکہ سرکاری خزانہ پُر کیا جاسکے۔ آئی ٹی کمپنیوں میں تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار تو نہیں ملا لیکن حکومت کمپنیوں کو اراضیات الاٹ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی تنازعات کے حل کیلئے ’ریونیو سدسو‘ کا اہتمام حکومت کا ایک نیا ڈرامہ ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریوینو ریکارڈ کو غائب کرنے کے لئے سکریٹریٹ کی عمارتوں کو منہدم کیا گیا۔ سکریٹریٹ کا انہدام ریکارڈ میں تبدیلی یا اسے غائب کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ غریب کسانوں نے کے سی آر کو اس لئے چیف منسٹر نہیں بنایا کہ وہ اراضیات چھین لیں۔ احتجاجی پروگرام سے ملو روی، رکن اسمبلی سیتکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ کسان کانگریس کے صدر انویش ریڈی اور آل انڈیا نائب صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی نے دھرنے کی قیادت کی۔ ر