دھرانی پورٹل کے مسائل پر کل جماعتی اجلاس کی تجویز

   

جامع قانون سازی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت، چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دھرانی پورٹل سے عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیر مال پی سرینواس ریڈی، حکومت کے مشیر برائے عوامی اُمور ڈاکٹر کے کیشو راؤ، سابق وزیر کے جانا ریڈی، دھرانی کمیٹی کے ارکان ایم کودنڈا ریڈی، سنیل کمار، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دھرانی پورٹل کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے طریقہ کار طے کرنے مزید گہرائی سے مسائل کا جائزہ لیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ دھرانی پورٹل کے سلسلہ میں جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں اُن کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ دھرانی پورٹل میں اصلاحات کے دوران اِس بات کا خیال رکھا جائے کہ مزید نئے مسائل پیدا نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ دھرانی مسائل کے حل کے سلسلہ میں لائحہ عمل کو طے کریں تاکہ حکومت کو موصولہ درخواستوں کی یکسوئی ہو۔ ریونت ریڈی نے دھرانی کے مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی اور کہاکہ اِس مسئلہ پر عوام اور سیاسی پارٹیوں کی رائے حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوامی رائے اور اُن کی تجاویز حاصل کرتے ہوئے ایک جامع قانون تیار کیا جائے جس کے ذریعہ اراضیات کے تنازعات کا حل تلاش کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر دھرانی پورٹل کے مسئلہ پر اسمبلی میں مباحث کئے جائیں گے۔ 1
تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز ) جھارکھنڈ اور پڑوسی مقامات پر سائیکلون کی سرگرمیاں اب معربی بنگال اور پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی سمت منتقل ہوچکی ہیں اور یہ سطح سمندر سے 7.6 کیلومیٹر بلندی پر ہیں۔ یہ صورتحال اب سری گنگانگر ‘ جئے پور ‘ گوالیا ‘ رانچی اور مزید مشرق و شمال مشرقی خلیج بنگال کی سمت منتقل ہو رہی ہے ۔ اسکے اثر سے تلنگانہ میںکچھ مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔