’’ دھرانی ‘‘ پورے ملک کیلئے رجحان ساز : چیف منسٹر

,

   

ریونیو خدمات میں ایک انقلابی قدم ، اراضیات کے رجسٹریشن اور موٹیشن میں شفافیت،کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد : چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دھرانی پورٹل کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دھرانی پورے ملک کیلئے رجحان ساز ثابت ہوگا ۔ تلنگانہ کے عوام اب اپنی اراضیات آن لائن دھرانی پورٹل پر درج کراسکتے ہیں ۔یہ پورٹل مربوط اراضی ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ہے ، انہوں نے اس اقدام کو ریونیو سرویس میں انقلابی اقدام قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ دھرانی پورے ملک کیلئے رجحان ساز ثابت ہوگا ۔ ضلع میڑچل ملکاجگری میں مدوچنتلا پلی تحصیلدار آفس میں پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ یہ پورٹل ریاست میں اراضیات سے متعلق تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے ایک ہی قدم ثابت ہوگا ۔ اس نئے سسٹم کے ذریعہ اراضی ریکارڈس کو فوری رجسٹریشن کرنے اور بروقت موٹیشن کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اراضیات کے رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی دھوکہ دہی اور کسی قسم کی رشوت خوری کے بغیر مکمل شفاف طریقہ سے اراضیات کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اب عوام کو اپنی اراضیات کی رجسٹریشن اور موٹیشن کے بشمول تمام معاملات کیلئے رشوت خور عہدیداروں کے چنگل میں پھنسے بغیر مختلف دفاتر کے چکر کاٹے بغیر آسانی سے ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔ عوام پورٹل پر آن لائن سلاٹس بک کرسکتے ہیں ۔ نامزد دفاتر پر اپنی اراضیات کا رجسٹریشن اور موٹیشن کراسکتے ہیں ۔ اراضیات کی معاملت کیلئے انسانی عمل دخل کو کم سے کم بناتے ہوئے رکاوٹ سے پاک معاملات کو آزادانہ طور پر پورا کیا جائے گا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کی حکومت میں گذشتہ چھ سال کے دوران تمام شعبوں میں تیز تر ترقی حاصل کرنے کے بعد اب اہم اقدامات کی طرف پیشرفت کی جارہی ہے ۔ اس نئے سسٹم کے آغاز کے ساتھ ہی اراضیات سے متعلق تمام مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پورٹل کی مدد تے کسانوں اور دیگر عوام کی اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا ۔1.45 کروڑ ایکڑ اراضی کو ریکارڈ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصہ سے عوام اپنی اراضیات کا ریکارڈ اس پورٹل پر ملاحظہ کرسکیں گے ۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ اس نئے سسٹم کی مدد سے رجسٹریشن میں کسی قسم کی دھوکہ دہی نہیں ہوگی ۔

دھرانی پورٹل کا نظریہ ، پانچ سال قبل ہی سامنے آیا : چیف منسٹر
حیدرآباد : چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دھرانی پورٹل کا نظریہ پانچ سال پہلے سامنے آیا تھا اور اس کو ڈیزائن کرنے کے لئے 200جائزہ اجلاس منعقد کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ 30ممالک کے افراد اس پورٹل کے افتتاح کے موقع پر ان کی تقریر سن رہے ہیں۔یہ پورٹل اس انداز میں ڈیزائن کیاگیا ہے کہ اس میں کوئی بھی تکنیکی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔وزیراعلی نے کہاکہ پرانے رجسٹریشن چارجس ہی پورٹل کے ذریعہ رجسٹریشن پر وصول کئے جائیں گے اور تمام متعلقہ افراد میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ غلطیاں کرنے کا انہیں کوئی حق نہیں ہے ۔ایک بھی غلطی پر مستقبل کی نسلوں کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مختلف ریاستوں سے ٹیلی فون کالس وصول ہوئے جس میں اس پورٹل کے بارے میں تفصیلات معلوم کی گئیں۔وزیراعلی نے کہا کہ ٹی آرایس حکومت نے عوام کے وسیع تر مفاد میں ریونیو ڈپارٹمنٹ میں کئی انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں۔کوویڈ19وبا کے بعد ریاست کی آمدنی میں کمی ہوئی اور مرکز نے جی ایس ٹی میں ریاستوں کا حصہ نہیں دیا۔