دھرما پوری اسمبلی حلقہ کے اسٹرانگ رومس سے اہم دستاویزات غائب

   

الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت، عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دھرما پوری اسمبلی حلقہ میں ای وی ایم اسٹرانگ روم سے دستاویزات کے غائب ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے مکتوب میں کہا کہ 2018 اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدوار اے لکشمن کمار نے کے ایشور کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ نتیجہ کے بعد لکشمن کمار نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی مانگ کی کیونکہ صرف 441 ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی تھی لیکن ریٹرننگ آفیسر نے دوبارہ گنتی کے بجائے کے ایشور کے حق میں نتیجہ کا اعلان کردیا تھا۔ لکشمن کمار اس مسئلہ پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ عدالت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے علاوہ 17A اور 17C کے تحت دستاویزات 11 اپریل 2023 تک پیش کئے جائیں۔ ای وی مشینوں اور دستاویزات کو جگتیال کے وی آر کے کالج کے 3 اسٹرانگ رومس میں محفوظ کیا گیا۔ عدالت کی ہدایت کے بعد ضلع کلکٹر اور سیاسی پارٹیوں نے اسٹرانگ رومس کو کھولنے کی کوشش کی لیکن صرف ایک اسٹرنگ روم کو کھول پائے۔ دوسرے دو اسٹرانگ رومس کی چابیاں غائب تھیں۔ ضلع کلکٹر نے اسٹرانگ رومس کے قفل توڑنے کی کوشش کی لیکن کانگریس امیدوار نے روک دیا اور کہا کہ جان بوجھ کر چابیوں کو غائب کیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو شکایت کی گئی کہ متعلقہ حکام اسٹرانگ روم کی حفاظت کے بارے میں تساہل کا شکار ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اس معاملہ کی جانچ اور متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ر