نئی دہلی: مختلف دھرم گرووں نے بچوں کی شادی سے پاک ہندوستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مذہب بچوں کی شادی کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ ہندو، اسلام، سکھ، عیسائی، بودھ، بہائی، جین، یہودی اور پارسی مذاہب سے تعلق رکھنے والے 17 مذہبی رہنماؤں نے پیر کو یہاں منعقدہ ایک بین مذہبی مکالمے کے پروگرام میں کہا کہ ہمیں بچپن کی شادی سے پاک ہندستان کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ اس مکالمے کا اہتمام چائلڈ میرج فری انڈیا کے اتحادی پارٹنر انڈیا چائلڈ پروٹیکشن نے کیا تھا۔ چائلڈ میرج فری انڈیا کے پاس 200 سے زیادہ پارٹنر این جی اوز ہیں جو پورے ملک میں 2030 تک بچوں کی شادی کو ختم کرنے کے ہدف کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ مذہبی رہنماؤں نے ایک آواز میں کہا کہ کوئی بھی مذہب کم عمری کی شادی کی حمایت نہیں کرتا۔ اسلام میں کم عمری کی شادی کے بارے میں مشہور تصورات کی تردید کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے ڈاکٹر ایم اقبال صدیقی نے کہا کہ اسلام میں شادی کے لیے کسی عمر کی کوئی شرط نہیں ہے ۔