گاندھی دھام 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گجراتک ے کچ ضلع میںکاندلا بندرگاہ کے قریب میتھانول کے ایک اسٹوریج ٹینک میں دھماکہ کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ دین دیال پورٹ ٹرسٹ ( ڈی پی ٹی ) نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ سے اس ٹینک کا چھت اڑ گیا تھا ۔ پولیس میں درج کردہ شکایت کے مطابق اسٹوریج ٹرمنل کے ٹینک نمبر 303 میںدن میں 1.30 بجے آگ لگی تھی اور آٹھ گھنٹوں تک بھی آگ کا سلسلہ جاری رہا تھا ۔ کاندلہ کے ایک فائر اسٹیشن عہدیدار نے کہا کہ قریبی ٹینکوں تک آگ کو پھیلنے سے روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آئی ایم سی ٹرمنل کے ایک ملازم اور اس کے تین ساتھیوں کی جانب سے معمول کی چیکنگ کی جا رہی تھی ۔ یہ اسٹوریج ٹینکس کاندلا ٹاون میں بندرگاہ کے قریب ہیں۔ کمپنی کے ایک ملازم کی جانب سے میتھانول کے ٹینکس کی چیکنگ کے دوران یہ واقعہ پیش آیا ۔ اچانک ہی ایک زور دار دھماکہ کے ساتھ چھت اڑ گیا تھا اور آگ لگ گئی ۔ آگ پر قابو پانے کی کوششیں ہنوز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام چار مہلوکین کی نعشیں وہاں سے حاصل کرلی گئی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا گیا ہے ۔ مہلوک ملازم کی سنجے واگھ کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جبکہ تین دوسرے مزدوروں کی سنجے ساہو ‘ درشن راج اور اومپکاش ریگڑ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ دس فائر انجن آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔