حیدرآباد۔24۔ فروری (سیاست نیوز) بی جے پی کے معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے شکایت کی ہے کہ انہیں دھمکی آمیز پیامات کے سلسلہ میں پولیس کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے انہیں دھمکی آمیز پیامات وصول ہوئے ہیں۔ راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور دھرم کیلئے جان کی قربانی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی خدمت کیلئے انہیں تلنگانہ عوام کا آشیرواد چاہئے ۔ دھمکی آمیز ٹیلیفون کالس اور میسجس کے سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس سے شکایت کی گئی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس قائدین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے حکومت نے کمانڈ کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی ہونے کے باوجود ان کی کوئی شنوائی نہیں ہے تو پھر عام آدمی کا کیا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مجلس کے دباؤ کے تحت حکومت دھمکی آمیز کالس پر کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ راجہ سنگھ نے انہیں دھمکی دینے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ر