دھنکھڑکا آج جئے پور کا دورہ

   

نئی دہلی، 14 مئی (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ جمعرات کو راجستھان کے جے پور کے دورے پر رہیں گے اور ‘بھیرون سنگھ شیخاوت میموریل لائبریری’ کا افتتاح کریں گے ۔نائب صدر کے سکریٹریٹ نے بدھ کو یہاں بتایا کہ دھنکھڑ اپنی اہلیہ ڈاکٹر سدیش دھنکھڑ کے ساتھ جے پور کے ایک دن کے دورے پر جائیں گے ۔ اس دوران دھنکھڑ سابق نائب صدر بھیرون سنگھ شیخاوت کی برسی کے موقع پر جے پور میں ‘بھیرون سنگھ شیخاوت میموریل لائبریری’ کا افتتاح کریں گے ۔شیخاوت نے 19 اگست 2002 سے 21 جولائی 2007 تک ملک کے 11 ویں نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز سال 1952 میں راجستھان قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر کیا اور بعد میں وہ تین بار راجستھان کے وزیر اعلیٰ بنے ۔ شیخاوت کی 15ویں برسی کے موقع پر منعقدہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے دھنکھڑ خصوصی طیارے کے ذریعے دہلی سے جے پور کے لیے روانہ ہوں گے ، جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ودیادھر نگر اسٹیڈیم میں واقع پروگرام کے مقام پر پہنچیں گے ۔