دھونی سبکدوشی کا فیصلہ خود کریں گے:پرساد

   

ممبئی۔ 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے ہندستانی ٹیموں کا اعلان کے بعدکہا کہ سبکدوشی کا فیصلہ مکمل طور پر ذاتی ہوتا ہے اور مہندر سنگھ دھونی جیسے مثالی کھلاڑی جانتے ہیں کہ انہیں کب سبکدوش ہونا ہے۔ دھونی نے اگلے ماہ ہونے والے ویسٹ انڈیز کے دورے سے خود کو الگ کر لیا تھا اور اس بارے میں انہوں نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو مطلع کر دیا تھا۔ وہ اب سیاچن میں فوج کے ساتھ ٹریننگ کر سکتے ہیں۔ دھونی علاقائی فوج کی پیراشوٹ ریجمنٹ میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ہیں۔ پریس کانفرنس میں پرساد نے دھونی کے حوالہ سے کہاکہ سبکدوشی مکمل طور ایک کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہے۔ دھونی جیسے مثالی کھلاڑی جانتے ہیں کہ انہیں کب سبکدوش ہونا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس معاملے پر اور بات کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ دستیاب نہیں ہیں اور دوسرا ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ پرساد نے ساتھ ہی کہاکہ ہم نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے۔ ہم رشبھ پنت کو اور موقع دینا چاہتے ہیں۔ فی الحال ہمارا یہی منصوبہ ہے۔ ورلڈ کپ 2019 تک دھونی ہمارے مختلف منصوبوں کا حصہ تھے اور اب ورلڈ کپ کے بعد ہم چاہتے ہیں کہ پنت جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا دھونی نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیل لیا ہے اور کیا وہ آگے بھی کھیل جاری رکھیں گے، پرساد نے کہاکہ میں اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا۔ یہ فیصلہ ابھی دھونی کوکرنا ہے۔ دھونی سے متعلق مزید بحث کے تعلق سے پرساد نے تسلیم کیا کہ دھونی کے ساتھ ان کی اس پر بات ہوئی تھی۔38 سال کے دھونی نے ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ وہ سبکدوشی کا فیصلہ کب لیں گے۔