نئی دہلی۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر لوکیش راہول نے کہا ہے کہ شائقین کے دباو کی وجہ سے وہ وکٹ کپنگ کے وقت بے چین ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ مہندر سنگھ دھونی جیسے آئکن کھلاڑی کی جگہ لیتے ہوئے ذمہ داری سنبھالنے کا دباو زبردست تھا۔راہول کو تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپر کے طور پر آزمایا گیا۔راہول گزشتہ سال ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد مسلسل ٹیم میں شامل رہے اور انہوں نے وکٹ کیپر کے طور پر شناخت بنائی۔راہول نے اس سال نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے اور ٹی 20 میں کافی اچھا مظاہرہ کیا۔راہول نے اسٹار اسپوٹرس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ میں کافی وقت سے وکٹ کپنگ کرتا آیا ہوں۔میں آئی پی ایل اور کرناٹک کی طرف سے کھیلتے ہوئے وکٹ کپنگ کرتا ہوں لیکن ناظرین کے دباو کی وجہ سے ہندوستان کے لئے وکٹ کیپر کے طور پر کھیلنا میرے لئے بے چین کرنے والا لمحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر کے طور پر اگر مجھ سے غلطی ہوئی تو ناظرین کو لگتا ہے کہ میں دھونی کی جگہ نہیں لے سکتا۔عظیم وکٹ کیپر دھونی کی جگہ لینے کا دباو کافی بے چین کردیتا ہے کیونکہ ناظرین وکٹ کے پیچھے دھونی کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو دیکھتے ہیں۔
