دہشت گردوں کی تلاش کے دوران پیش ائے دھماکوں میں چھ بچوں کے بشمول پندرہ لوگ ہلاک

,

   

کولمبو-کولمبو کے مشرقی علاقے کلمونائی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران خودکش دھماکوں میں 6 بچوں اور 3خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے ۔

پولیس کے مطابق ہلاک انتہا پسندوں کا تعلق ایسٹر بم دھماکوں سے ہے ۔پولیس ترجمان کے مطابق فورسز نے گزشتہ شب کلمونائی میں گھر پر چھاپا مارا، جس کے بعد عسکریت پسندوں سے فورسز کا فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

غیر ملکی میڈیا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مقابلہ کے دوران 3خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 6بچے بھی ہلاک ہوئے جبکہ 3 خودکش حملہ آوروں کی لاشیں مکان کے باہر سے ملی ہیں۔

سری لنکا پولیس کے مطابق واقعہ میں ایک شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔واضح رہے کہ کولمبو سے 370 کلومیٹر دور واقع علاقے کلمونائی کے مذکورہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے یہ مشترکہ آپریشن کیا۔سری لنکا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ایک گھنٹے چلنے والے مقابلے میں سیکورٹی فورسز کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

اس سے قبل انٹیلی جنس کی بنیاد پر سری لنکا کے مشرقی علاقے سمنتھورائی میں کارروائی کی گئی، جہاں ایک گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔

سیکورٹی فورسز کو مذکورہ مکان سے داعش کی وردیاں، جھنڈے ، بم تیار کرنے کا سامان، اور ڈرون کیمرے بھی ملے ہیں۔

دھماکوں میں مبینہ طورپرملوث ہونے کے شبہ میں امریکی مسلم خاتون کی تصویرشائع کرنے پر سری لنکا کی پولیس نے معذرت کرلی ہے ۔سری لنکا کے صدرنے آج وسیع آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ایک گھر کی تلاشی لی جائے گی۔

دوسری جانب مزید حملوں کے پیش نظر سری لنکا کے گرجا گھروں میں اتوار کی عبادات معطل کر دی گئی ہیں۔

نماز جمعہ کے اجتماعات بھی منعقد نہ کرنے کی اپیل کے باوجود مسلمان بڑی تعداد میں جامع مساجد پہنچے اور نماز جمعہ ادا کی۔

امریکہ نے سری لنکا جانے والے اپنے شہریوں کو لیول تھری سطح کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے جبکہ امریکی اہلکاروں کے بچے سری لنکا سے واپس بلا لئے گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ اتوار کو ایسٹر کے موقع پر کئی چرچوں اور ہوٹلوں سمیت 8 مختلف مقامات کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 253 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔