دہشت گرد تنظیموں کی پرورش کرنے والے پاکستان کو امریکہ نے بھی اپنے ایک بیان سے متنبہ کیا ہے۔ جیش محمد کے ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کی بھی کئی ممالک کے ساتھ ساتھ امریکہ نے بھی حمایت کی ہے۔ فرانس اور آسٹریلیا کے بعد امریکہ نے ہندوستان کی کارروائی کو درست ٹھہراتے ہوئے پاکستان کو ڈانٹ لگائی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کو اس کی زمین سے چلائی جانے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی امریکہ نے پاکستان سے ہندوستان کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی نہ کرنے کی صلاح دی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’میں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات کی ہے۔ میں نے انھیں موجودہ کشیدگی کو دور کرنے اور کسی بھی طرح کی فوجی کارروائی نہ کرنے کو ترجیح دینے کی بات کہی ہے۔ ساتھ ہی پاکستانی زمین سے چل رہی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مثبت کارروائی کرنے کو بھی کہا ہے۔ میں نے ہندوستان اور پاکستان کو صبر سے کام لینے اور کسی بھی قیمت پر ٹکراؤ سے بچنے کی صلاح دی ہے۔ اس کے علاوہ فوجی سرگرمیوں سے بچنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سیدھی بات چیت شروع کرنے کو بھی کہا ہے۔‘‘ اس سے قبل ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے 26 فروری کو امریکی وزیر خارجہ کو فون کر کے دہشت گرد کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کی جانکاری دی تھی۔