دہشت گردی انسانیت کی دشمن: وینکیا نائیڈو

   

نئی دہلی 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردی کو انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہفتے کے دن ملک کے تحفظ اور صیانت کے ساتھ کسی سمجھوتہ کے خلاف خبردار کیا۔ وہ اسمارٹ پولیسنگ کے زیرعنوان منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کئی مسائل کا جیسے دہشت گردی، ماؤازم اور شورش پسندی کا سامنا کررہا ہے۔ اُنھوں نے ملک کو درپیش مسائل کے خلاف خبردار کیا اور ریاستی پولیس اور مرکزی مسلح تنظیموں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کیا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک بامقصد نظم و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے سے پولیس ضروری بنیادی معاشی ترقی کے عناصر کی تکمیل کرے گی۔ وہ انڈین پولیس فاؤنڈیشن اور نیشنل سنٹر فار گڈ گورننس اینڈ بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے مشترکہ زیراہتمام جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی سرگرمیوں میں عوام مرکزی موضوع ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے پولیس میں اصلاحات پر زور دیا اور کہاکہ اِن سے پولیس اسٹیشنوں کی حالت بہتر ہوگی اور شکایات کی تعداد کم ہوگی۔