پلوامہ حملے کو ہندوستان فراموش نہیں کرسکتا : اجیت ڈوول
گرگاؤں ۔19 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) این ایس اے اجیت ڈوول نے کہاکہ کسی بھی نوعیت کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہندوستانی قیادت مکمل طورپر اہل ہے اور جو لوگ دہشت گردی برپا کررہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کرسکتا ہے ۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 80 ویں رائزنگ ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈوول نے کہاکہ ہندوستان نے جموںو کشمیر میں پلوامہ دہشت گرد حملے کو فراموش نہیں کیا ہے اور نہ ہی دہشت گردوں کو فراموش کرے گا ۔ جہاں پر 40 سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ملک کی قیادت پلوامہ جیسے حملوں کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس حملے کی مدد کرنے والوں کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ اجیت ڈوول وزیراعظم نریندر مودی کے دست راست سمجھے جاتے ہیں اور پاکستان میں بالا کوٹ جیش محمد کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا منصوبہ بھی انھوں نے ہی بنایا تھا ۔ پلوامہ دہشت گرد حملے کا بدلہ لیتے ہوئے انڈین ایئرفورس نے بمباری کی تھی ۔ پلوامہ حملہ گزشتہ تین دہوں کے دوران کشمیر میں کیا گیا سب سے خونریز حملہ تھا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس حملے کے بعد کیا کیا جانا چاہئے تھا وہی کیا ! ۔ ہمارے راستے میں جو آئے گا ہم اُسے مٹا دیں گے ۔
