نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا نے چہارشنبہ کو ایک بل منظور کیا جو قانون انسداد دہشت گردی میں ترمیم لایا ہے جس کا مقصد حکومت کو حسب ضرورت بعض افراد کو دہشت گرد نامزد کرنے کا اختیار حاصل رہے گا جبکہ وزیرداخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اشد ضروری ہے۔ قانون انسداد غیرقانونی سرگرمی میں ترامیم کا پرزور دفاع کرتے ہوئے امیت شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں کے اندیشوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قانون کا بیجا استعمال نہیں ہوگا اور ایسی قانون سازی سے تحقیقاتی ایجنسیوں کو دہشت گردوں سے چار قدم آگے رہنے میں مدد ملے گی۔ اس بل کو ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کرنے سے قبل مباحث کا جواب دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ اگرچہ اسے کسی بھی فرد کے خلاف بیجا طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا لیکن جو ملک کی سلامتی اور اقتدار اعلیٰ کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوں یا اربن ماویسٹ ہوں تو انہیں تحقیقاتی ایجنسیاں نہیں بخشیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردی پر کچھ مفاہمت کرنا نہیں چاہتی ۔