ریاض ۔ 8 جولائی (ایجنسیز) سعودی ولیعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت جدہ میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ دنوں کے سرکاری امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے اور عالمی امن و سلامتی کے استحکام کیلئے سعودی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی ہفتے میں سعودی وفد کی شرکت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے، دہشت گردی کے خاتمے، اس کی مالی معاونت کے ذرائع خشک کرنے اور دہشت گردانہ خطرات سے نمٹنے کی عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 62ویں اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ سائبر سیکیورٹی میں خواتین کو بااختیار بنانے کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیے جانے کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔کابینہ کے مطابق یہ اقدام ولیعہد کی عالمی پہل کا حصہ ہے اور اس کے بین الاقوامی اہداف کو عملی شکل دینے کی عکاسی کرتا ہے۔کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سعودی عرب انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) کے کمیونی کیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔بیان کے مطابق یہ کامیابی جدید انفراسٹرکچر، مؤثر ضابطہ جاتی ماحول اور مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سعودی قیادت کا ثبوت ہے، جبکہ مملکت مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل مارکیٹ بن چکی ہے۔ اجلاس میں سعودی عرب کے مسلسل دوسری بار عرب سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کا صدر منتخب ہونے کو بھی خطے اور دنیا میں فضائی نقل و حمل کے شعبے میں مملکت کے قائدانہ کردار کا اعتراف قرار دیا گیا۔