نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں جموں و کشمیر سے کنیا کماری تک سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور صرف دہلی کے آس پاس 65,000 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، اس سے دہلی سے کئی شہروں کے سفر کے وقت میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ آج یہاں ایک ٹی وی چینل کے ذریعہ منعقدہ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ دہلی سے ممبئی تک ایکسپریس وے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس ایکسپریس وے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اگلے سال جنوری یا فروری میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ رتلام تک جلد ہی ٹریفک شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر سے دہلی اور ممبئی کے درمیان بذریعہ سڑک صرف 12 گھنٹے میں پہنچنا ممکن ہوگا۔
