ملک کی مختلف ریاستوں میں گھنے دھند اور سردی کی صورتحال جاری ہے۔ دارالحکومت دہلی میں منگل کے روز گھنے دھند کی وجہ سے کچھ علاقوں میں صفر کی نمائش ریکارڈ کی گئی۔ دہلی کے علاوہ راجستھان ، پنجاب ، ہریانہ ، مشرقی اتر پردیش ،بہار شمال مغربی مدھیہ پردیش میں گھنے کہرے سے لیکر بہت خراب کہرے ہونے کا ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی زبردست ٹھنڈ کا قہر بھی دیکھا گیا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج معلومات دی۔محکمۂ موسمیات کے مطابق گھنے دھند کے باعث گنگا نگر ، جیسلمیر ، چورو ، بھوانی ، دہلی،پالم ، گوالیار ،لکھنؤ میں مرئیت 25 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناء بیکانیر ، امرتسر ، نرنول ، سلطان پور ، پٹنہ ، گیا ، بھاگل پور اور پورنیا میں 50 میٹر کی مرئیت ریکارڈ کی گئی۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بتایا کہ دہلی میں منگل کے روز کچھ علاقوں میں گھنے دھند کی وجہ سے مرئیت صفر میٹر ریکارڈ کی گئی۔