دہلی حکومت نے ’گھر گھر راشن‘ کی فائل بائجل کو بھیجی

   

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں ’گھر گھر راشن‘ اسکیم پر کجریوال حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر انل بائجل کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازعہ کے دوران وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے ایک بار پھر گھر گھر راشن پہنچانے کی فائل لیفٹیننٹ گورنر کو بھیج دی ہے ۔منگل کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے دہلی حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فائل لیفٹیننٹ گورنر کو بھیج دی گئی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ دہلی ہائیکورٹ نے راشن کی ڈور اسٹیپ ڈیلوری کو نافذ کرنے کی اجازت دے دی ہے ، لہٰذا آپ اس تجویز کو منظوری دیں تاکہ دہلی میں راشن کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری اسکیم کو جلد از جلد نافذ کیا جا سکے ۔پچھلے ہفتے دہلی ہائی کورٹ نے دہلی میں راشن کی ڈور اسٹیپ ڈیلوری اسکیم کو نافذ کرنے کی مشروط اجازت دی تھی۔ کیجریوال حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان راشن کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری اسکیم پر ایک طویل عرصے سے تنازعہ جاری ہے ۔ دہلی کی کجریوال حکومت راشن ڈور اسٹیپ ڈیلوری اسکیم کو نافذ کرنے پر قائم تھی جبکہ لیفٹیننٹ گورنر ؍ مرکزی حکومت اس کی مخالفت کر رہی تھی۔دہلی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ مرکز نے دارالحکومت میں 72 لاکھ راشن کارڈ ہولڈرز کو فائدہ پہنچانے والی اس کی گھر گھر جانے والی راشن اسکیم کو روک دیا ، اس اقدام کو سیاسی محرک قرار دیاتھا۔ تاہم مرکزی حکومت نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔