دہلی دھماکے :کرناٹک میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات

   

بنگلورو، 11 نومبر (یو این آئی) کرناٹک کے وزیراعلیٰ سِدرامیا نے بنگلورو سمیت تمام اضلاع کے پولیس سربراہان کو سخت نگرانی رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں اورامور داخلہ کے محکمے کو ہدایت دی ہے کہ دہلی کے لال قلعے کے قریب ہوئے افسوسناک کار بم دھماکے کے بعد بھیڑ والے علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ دہلی میں لال قلعے کے قریب کار دھماکے کی خبر، جس میں کئی لوگ ہلاک ہوئے ہیں، نہایت افسوسناک اور چونکانے والی ہے ۔ میں مہلوکین کی آتماؤں کی شانتی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے پرارتھنا کرتا ہوں۔ ریاست میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور میں عوام سے پولیس محکمے کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔پیر کی شام دارالحکومت میں ہوئے دھماکے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ۔ افسران کے مطابق، دھماکے کے وقت کار، لال قلعہ کے نزدیک ایک ٹریفک سگنل پر رُکی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیو گوڑا نے اس واقعے پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ”انتہائی پریشان کن” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کئی حفاظتی اقدامات فوری طور پر نافذ کیے ہیں اور وہ تحقیقات اور انصاف دلانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری پرارتھنا متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ ہمیں مضبوط اور متحد رہنا ہوگا۔کرناٹک بی جے پی صدر وِجییندر یدی یُرپا نے کہا کہ دہلی میں لال قلعے کے قریب ہوئے افسوسناک دھماکے سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے ، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ میری دلی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی پرارتھناکرتا ہوں۔کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ میں دہلی میں لال قلعے کے قریب ہوئے سانحے سے نہایت غمگین اور ششدر ہوں۔ بے گناہ جانوں کا ضیاع بہت تکلیف دہ ہے ۔ میری ہمدردیاں اور پرارتھنائیں متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
، اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی پرارتھنا کرتا ہوں۔” اطلاعات کے مطابق، سکیورٹی ایجنسیاں سخت قوانین کے تحت تحقیقات کر رہی ہیں اور مرکزی وزارتِ داخلہ اس کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہے ۔