دہلی دھماکے کے بعد آسام میں سوشل میڈیا کی نگرانی سخت

   

گوہاٹی، 11 نومبر (یو این آئی) آسام حکومت نے منگل کے روز ریاست کے پولس ڈائریکٹر جنرل کو سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ ریاستی حکومت نے یہ ہدایات دہلی میں کار بم دھماکہ کے جواب میں لوگوں کے ایک گروپ کی طرف سے خوشی کی ایموجیز پوسٹ کرنے کے بعد جاری کیں۔ پیر کو دہلی میں دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ ضلع ناگون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے کہا کہ پولس ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ ہمنت بسوا سرما نے کہا کہ کل رات سے ، کچھ لوگ یا تو کار بم دھماکوں کا خیرمقدم کر رہے ہیں یا سوشل میڈیا پر خوشی کی ایموجیز کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے پولس ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان افراد کی نگرانی کریں اور تصدیق کریں۔ ضرورت پڑنے پر انہیں گرفتار بھی کیا جائے گا۔دہلی میں کار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہمنت بسوا سرما نے کہا کہ بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے سے امن کو بگاڑنے کی بڑی سازش کی نشاندہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہونا چاہیے کہ ملک میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھانے نہ پائے