عوام سے قائد اپوزیشن راہول گاندھی کا اظہار تشکر ۔ بی جے پی کا منفی پروپگنڈہ پنکچر ہوگیا ۔ سینئر لیڈر جئے رام رمیش کا ردعمل
نئی دہلی، 2 نومبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے ووٹ چوری کے خلاف آواز بلند کرنے پر ملک کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی اس حمایت سے واضح ہوگیا کہ جمہوریت اور سچائی کی جیت ہوگی اور آئندہ انتخابات میں انڈیا اتحاد کی کامیابی یقینی ہے ۔راہول گاندھی نے آج سوشل پر کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے ریکارڈ تعداد میں پہنچنے پر آپ سب کا شکریہ۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جمہوریت کی جیت ہوگی، سچائی کی فتح ہوگی اور انڈیا اتحاد کامیاب ہوگا۔اس دوران کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جئے رام رمیش نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی عظیم ریلی کو بدنام کرنے اور لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے تاجروں کے نقصان اور بازار بند ہونے کا خوف پھیلایا گیا، لیکن بی جے پی کا یہ پورا پروپیگنڈہ پنکچر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بچانے ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کی جواب دہی کے اصل معاملے سے ملک کی توجہ ہٹانا اور لوگوں کو عظیم ریلی میں شرکت سے روکنا تھا، لیکن اس کا الٹا اثر ہوا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ راہول گاندھی کی اپیل پر لوگوں نے دہلی کے بازاروں میں خریداری کی۔ پرانی دہلی کی ٹھوک منڈیوں میں دکانیں کھلی رہیں اور کاروبار بھی ہوا ۔ عوام نے چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی پٹری والوں سے بھی سامان خریدا۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کی رپورٹوں نے بی جے پی کے جھوٹے پروپگنڈے کا پردہ فاش کردیا ہے ۔انہوں نے دہلی کے تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے جمہوری احتجاج کے ساتھ مقامی کاروبار کی بھی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کو متاثر کرنے پھیلائے گئے تمام منفی پروپگنڈے کے ناکام ہونے سے ثابت ہوگیا ہے کہ جمہوریت کی آواز کو نہ خوف کے ذریعے دبایا جاسکتا ہے اور نہ ہی جھوٹے پروپگنڈے سے ۔ عوام اپنے ووٹ کا حق بچائیں گے ، کاروبار بھی جاری رکھیں گے اور جواب دہی کا مطالبہ بھی کریں گے ۔