دہلی زہریلی دھند کی لپیٹ میں

   

نئی دہلی، 10 نومبر (آئی اے این ایس) قومی دارالحکومت شدید فضائی آلودگی کی زد میں ہے، جہاں گھنی کہر نے دہلی اور این سی آر کو ڈھانپ رکھا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق پیرکی صبح 7 بجے دہلی کا اوسط ایرکوالٹی انڈیکس 372 ریکارڈکیاگیا، جو خطرناک زمرے میں شامل ہے اور شہریوںکی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ شہر کے زیادہ تر علاقوں میں فضائی معیار300 سے 400 کے درمیان رہا، جبکہ مضافاتی علاقے جیسے فرید آباد، غازی آباد، گریٹر نوئیڈا، گڑگاؤں اور نوئیڈا بھی انتہائی خراب سے خطرناک سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس آلودگی میں سانس لینے سے پھیپھڑوں اور دل کے مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، جبکہ شہریوں نے سانس میں تکلیف، گلے کی خراش اور آنکھوں میں جلن کی شکایات کی ہیں۔اسی دوران سردی نے بھی وقت سے پہلے دستک دے دی ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.3 ڈگری کم ہے، جبکہ دن کا درجہ حرارت 27 سے 28 ڈگری کے درمیان رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان صاف رہے گا اور ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔آلودگی میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں کم ہوا کی رفتار، درجہ حرارت کا گرنا، نمی میں اضافہ اور پڑوسی ریاستوں میں فصلوںکے جلانے کا سلسلہ شامل ہے۔