کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ دھماکہ کے مقام سے مشتبہ پاوڈر دستیاب
نئی دہلی : دارالحکومت دہلی کے روہنی علاقہ میں آج صبح ایک اسکول کی دیوار کے باہر دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں دیوار کو نقصان پہونچا تاہم اس دھماکہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جبکہ ملک بھر میں درجنوں ائرلائینس کی پروازوں میں بم رکھے جانے کے کالس موصول ہو رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ روہنی سیکٹر 14 میںسی آر پی ایف اسکول کی دیوار کے ساتھ ہوا ۔ اس کے نتیجہ میں دیوار اور وہاں پارک کی ہوئی ایک کار کو نقصان پہونچا ۔ اسے پراسرار دھماکہ سمجھا جا رہا تھا اور ایجنسیوں نے اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ طاقتور دھماکو مادوں سے نہیں کیا گیا اور کم شدت کا تھا تاہم اس دھماکہ کی آواز دور تک سنی گئی ۔ دھماکہ کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگیا ہے ۔ اطلاع پر تحقیقاتی ایجنسیاں وہاں پہونچ گئیں۔ بم اسکواڈ اور ایک پولیس فارنسک ٹیم نے مقام دھماکہ سے کچھ نمونے حاصل کرلئے تاکہ دھماکہ کی وجوہات کا پتہ چلایا جاسکے ۔ کہا گیا کہ یہ دھماکہ صبح 7.50 بجے ہوا ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی اور نیشنل سکیوریٹی گارڈ کا عملہ بھی وہاں پہونچ چکا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کی دیوار ‘ قریبی دوکانوں اور ایک کار کو اس دھماکہ کی وجہ سے نقصان ہوا ۔ پولیس نے موبائیل نیٹ ورک ڈاٹا حاصل کرلیا تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ دھماکہ کے وقت وہاں کون تھا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ یہ ایک خام بم تھا ۔ مقام دھماکہ پر تحقیقات کرنے والے فارنسک ماہرین کو اس مقام سے مشتبہ سفید پاوڈر دستیاب ہوا ہے اور اسے جانچ کیلئے لیبارٹری منتقل کردیا گیا ہے ۔