دہلی فسادات: متاثرین میں سیاست ملت فنڈ کی جانب سے 31,54,000 روپیوں کی تقسیم

,

   

مابقی 14,29,375 روپیوں کی جاریہ ماہ کے اواخر میں ہوگی تقسیم
فیض عام ٹرسٹ نے متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے 169700 روپئے فراہم کئے
جلد ہی 37,39,960 روپیوں کی فراہمی ہوگی

حیدرآباد۔ ہندوستان کے کسی بھی مقام پر فرقہ وارانہ فسادات برپا ہوجائیں‘ آفات سماوی سے لوگ متاثر ہوجائیں ‘بے قصور اقلیتی نوجوانوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جائیں‘ان کے ساتھ ناانصافی کی جائے تو حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے عوام روز نامہ ’سیاست‘ اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اخبار ’سیاست‘ کے قارئین و سیاست ٹی وی کے ناظرین مدد کیلئے کھڑے ہوجاتے ہیں اور اس کارِ خیر میں فیض عام ٹرسٹ بھی مکمل طور پر شامل ہوجاتا ہے۔ واضح رہے کہ گجرات، ممبئی، مظفر نگر، اُتر پردیش، دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات اور پھر بہار و کشمیر میں طوفان بادوباراں کی تباہی پر جب ایڈیٹر ’سیاست‘ نے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی اپیل کی اللہ عزو جل نے جناب زاہد علی خاں کی ان اپیلوں میں ایسا اثر پیدا کیا کہ لوگوں نے جوق درجوق اپنے متاثرہ بھائی بہنوں کی مدد میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی ہے۔ جناب زاہد علی خاں بارگاہ رب العزت میں بار بار سجدہ ریز ہوکر شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے سیاست کو ملت مظلومہ کی مدد کا ذریعہ بنایا ہے۔ بہرحال یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ دہلی فسادات میں جہاں 53 ہلاکتیں ہوئیں وہیں اقلیتوں کا بہت زیادہ مالی نقصان ہوا ہے۔ بے شمار مکانات ، دکانات، گوداموں و گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا گیا، انہیں لوٹ لیا گیا نتیجہ میں کل تک جو خوشحال تھے بدحال ہوگئے، کل تک جو امیر تھے فقیر ہوگئے۔ اس مرحلہ پر ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کی قیادت میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کی قیادت میں دہلی فسادات متاثرین کی مدد کا بیڑا اُٹھایا گیا اور پھر جناب زاہد علی خاں کے مشورہ پر منیجنگ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب ظہیر الدین علی خاں کو دہلی میں متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے روانہ کیا گیا۔ انہوں نے 16 مارچ تا 21 مارچ دہلی میں قیام کرتے ہوئے نہ صرف نقصانات کا جائزہ لیا بلکہ متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ آپ کی مدد کیلئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ موجود ہے

انشا اللہ دکانات کی دوبارہ کشادگی اور متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بہر حال ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کی صدارت میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا ایک مشترکہ ورچول اجلاس ( آن لائن میٹنگ ) منعقد ہوئی جس میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب رضوان حیدر ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور جناب ظہیر الدین علی خاں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ سیاست ملت فنڈ میں دہلی فسادات کے متاثرین کیلئے جملہ 45,83,375 روپئے جمع ہوئے جن میں سے 3 اپریل کو 5,40,000 ، 11 مئی کو 14,30,000 اور 7 جولائی کو 11,15000 ، جملہ 31,54,000 روپئے RTGS آئی ایف ایس کوڈ کے ذریعہ متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائے گئے اور مابقی 1429375روپئے جولائی کے اواخر تک متاثرین میں تقسیم کردیئے جائیں گے۔تقریباً تین ہزار روپئے کے حساب سے کچھ لوگوں کو امداد بھی دی گئی جو 69 ہزار روپئے بنتے ہیں۔ دوسری جانب فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین کے مطابق دہلی فسادات متاثرین کی مدد کیلئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے متحدہ طور پر کام کیا۔ فیض عام ٹرسٹ کو اس ضمن میں54,36960 روپئے بطور عطیات وصول ہوئے جن میں سے فیض عام ٹرسٹ نے 169300 روپئے متاثرین میں تقسیم کئے مابقی 37,39,960 روپیوں کی تقسیم بھی جلد ہی متاثرین میں عمل میں آئے گی۔ جناب زاہد علی خاں کے مطابق تیستا ستیلواد، شبنم ہاشمی، امن برادری، جھانوی ، فیضان اور عامر نے متاثرین کی نشاندہی کرنے اور ڈیٹا جمع کرنے میں غیر معمولی تعاون کیا جس کیلئے وہ ان تمام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ دہلی فسادات کے متاثرین کیلئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ دونوں نے جملہ 10,020,335 روپئے مشترکہ طور پر اکٹھا کئے تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ دہلی متاثرین سیاست ملت فنڈ اور فض عام ٹرسٹ کی غیر معمولی خدمات سے کافی متاثر ہوئے اور جن لوگوں نے اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ادا کیا ان کے حق میں دعائیں کیں۔