دہلی فسادات کیس میں طلبہ جہد کاروں کو ضمانت

   

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے شمال۔مشرقی دہلی فسادات کے معاملے میں مبینہ منظم سازش کے الزام میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے ) کے تحت جیل میں بند طلبہ کارکنان نتاشا نروال، دیوانگنا کلیتا اور آصف اقبال کی ضمانت کی عرضی منگل کے روز منظور کر لی۔جسٹس سدھارتھ مِردُل اور جسٹس انوپ جے بھنبھانی نے نچلی عدالت کے حکم کو خارج کرتے ہوئے تینوں کو 50 ہزار روپیے کے شخصی مچلکے اور دو نجی سکیورٹی پر ضمانت کی عرضی کو منظور کر لیا۔ عدالت نے انھیں پاسپورٹ جمع کرنے کے ساتھ ہی مقدمے اور تفتیش میں دخل نہ دینے کا حکم دیا ہے ۔دہلی میں جواہرلعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی ریسرچ اسکالر نروال اور کلیتا اور مختلف کالجوں کے طلبہ کا گروپ ‘پنجرا توڑ’ کے رکن گذشتہ برس مئی سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔