دہلی فساد : صدرجمہوریہ کو کانگریس وفد کی یادداشت

,

   

مرکز کو ’راج دھرم‘ یاد دلانے اور امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ
دہلی کے واقعات انتہائی تشویشناک،قوم کیلئے باعث شرم
نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ایک وفد نے آج دہلی فساد پر صدرجمہوریہ رامناتھ کووند سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی اور فرائض کی انجام دہی کی غفلت کے لئے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور مرکزی حکومت کو اس کا ’راج دھرم‘ یاد دلانے کی درخواست کی گئی۔ کانگریس وفد میں صدر پارٹی سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہنسنگھ، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد، احمد پٹیل، پی چدمبرم، کے سی وینوگوپال، پرینکا گاندھی واڈرا، آنند شرما اور رندیپ سنگھ سرجیوالا شامل تھے۔ صدرجمہوریہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ دہلی کی دھماکو صورتحال کو معمول پر لانے کے اقدامات کرنے کے بجائے مرکزی حکومت اور دہلی کی نومنتخب حکومت تشدد کے دوران خاموش تماشائی بنے رہے۔ دہلی فسادات میں 35 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور بے شمار لوگوں کا کاروبار برباد ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ گزشتہ چار دنوں میں دہلی میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی تشویش کی بات ہے اور قوم کے لئے باعث شرم ہے۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ دہلی فسادات پر قابو پانے میں مرکزی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔