نئی دہلی : نئی دہلی کی خان مارکٹ میں مبینہ طور پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے جس پر اپولیس نے 3 خواتین سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ واقعہ خان مارکیٹ میٹرو اسٹیشن کے پاس پیش آیا۔پولیس کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بجے تغلق روڈ پولیس اسٹیشن کو کسی نے کال کرکے اطلاع دی کہ کچھ لوگ خان مارکیٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔اس اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی جہاں اسے تین خواتین، دو مرد اور ایک نو عمر لڑکا نیلے رنگ کی موٹر سائیکلوں پر دکھائی دیے۔پولیس نے ان کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ان کے درمیان ریس شروع ہو گئی اوران لوگوں نے آپس میں ایک دوسرے کے نام ملکوں کے نام پر رکھ دیے جن میں ایک نام پاکستان بھی تھا۔ اس درمیان انہوں نے اس شخص کی حوصلہ افزائی کے لیے جس کا نام پاکستان رکھا گیا تھا، نعرہ بازی شروع کر دی اور اسی تسلسل میں انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔