دہلی میں ائمہ اور مؤذنین کیلئے اعزازیہ میں اضافہ

   

16 اور 18 ہزار روپئے ادا کرنے کا فیصلہ، 23 جنوری کو باقاعدہ اعلان
حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) دہلی حکومت نے ائمہ اور موذنین کے لیے ماہانہ اعزازیہ کی رقم میں خاطر خواہ اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اروند کجریوال کی عام آدمی حکومت ملک کی وہ واحد حکومت ہوگی جہاں ائیمہ اور موذنین کو اس قدر بھاری اعزازیہ دیا جائے گا۔ وقف بورڈ کے صدرنشین امانت اللہ خاں نے اس سلسلہ میں علماء کرام کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں حکومت کے فیصلے سے واقف کرایا۔ 23 جنوری کو ایوان غالب میں منعقد ہونے والی تقریب میں اروند کجریوال اضافی اسکیم کا اعلان کریں گے۔ دہلی وقف بورڈ کی مساجد میں امام کو ماہانہ 10 ہزار روپئے اور موذنین کو 9 ہزار روپئے دیئے جاتے ہیں۔ لیکن اس رقم میں اضافہ کرتے ہوئے الترتیب امام کو 18 ہزار اور موذنین کو 16 ہزار روپئے ادا کیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ غیر اوقافی مساجد کے ائیمہ اور موذنین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ائیمہ کو ماہانہ 14 ہزار اور موذنین کو 12 ہزار روپئے ادا کیئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ امانت اللہ خان اور وقف بورڈ کے رکن چودھری شریف نے کہا کہ اروند کجریوال کی حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے مختلف علماء اور مسلم تنظیموں نے 23 جنوری کے اجلاس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ، آندھراپردیش اور بعض دیگر ریاستوں میں ائیمہ اور موذنین کے لیے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم ہے لیکن دہلی کے مقابلہ ان ریاستوں میں اعزازیہ کافی کم ہے۔