نئی دہلی 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ۔ این سی آر علاقہ میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں واقفیت کے حصول کے لئے سپریم کورٹ نے جمعہ کو دہلی، ہریانہ، پنجاب اور اترپردیش کے چیف سکریٹریز کو اپنے اجلاس پر طلب کیا۔ جسٹس ارون مشرا اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل ایک ڈیویژن بنچ نے کہاکہ دہلی میں آلودگی سے متاثرہ 13 اہم مقامات کو صاف کیا جانا چاہئے اور اس ضمن میں مزید مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ عدالت عظمیٰ نے طاق جفت اسکیم کے باوجود اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے بشمول مختلف گاڑیوں کو دیئے جانے والے استثنیٰ کے بارے میں بھی سوال اُٹھایا۔ جفت طاق اسکیم نافذ کرنے کے باوجود دہلی میں آلودگی کی سطح میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ کھیتوں میں فصل کاٹنے کے بعد کوڑا کرکٹ جلانے میں کمی کے باوجود دہلی میں آلودگی کی سطح میں ہونے والے اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔