نئی دہلی:دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو کہا کہ پورے ملک کو دہلی کے سابق وزیر منیش سسودیا اور ستیندر جین پر فخر ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قومی راجدھانی میں ‘ہورہے اچھے کاموں کو روکنے کیلئے’ انہیں (سسودیا اور جین) کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی اور کونسلرز کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں وزیرا علی اروند کیجریوال نے بی جے پی کو چیلنج کرنے کے انداز میں کہا کہ اے اے پی ایک طوفان ہے، اب ہم رکنے والے نہیں ہیں اور ہمارا وقت آگیا ہے ۔وزیراعلی کیجریوال نے الزام لگایا کہ آبکاری پالیسی معاملہ میں منیش سسودیا کی گرفتاری صرف ایک بہانہ ہے اور نئے وزیر دوگنی رفتار سے سرکار کے اچھے کاموں کو جاری رکھیں گے ۔ کیجریوال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی دہلی میں کئے جارہے اچھے کاموں کو روکنا چاہتے ہیں ۔