’دہلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کی اجازت کس نے دی تھی‘

   

جب ممبئی اور شولاپور میں اجازت نہیں دی گئی تو دہلی میں کیوں دی گئی؟ : شردپوار
ممبئی 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے صدر شرد پوار نے پیر کو سوال کیاکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کا گڑھ بننے والے دہلی کے علاقہ نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کی اجازت کس نے دی تھی۔ شردپوار نے فیس بُک پر راست تبادلہ خیال کے دوران کہاکہ مہاراشٹرا میں قبل ازیں ایسے ہی ایک اجتماع کی اجازت دینے سے حکومت مہاراشٹرا نے انکار کردیا تھا۔ شردپوار نے مرکز سے مطالبہ کیاکہ لاک ڈاؤن سے بُری طرح متاثر معیشت کی بحالی کے لئے ریاست کو مالی پیاکیج فراہم کیا جائے۔ اُنھوں نے کورونا وائرس کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور فرضی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے عوام پر زور دیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سائنسی شعور پر مبنی رجحان اختیار کریں۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سماجی فاصلے اختیار کریں۔ لوگوں سے ملنے جلنے سے گریز کیا جائے اور ہجوم سے دور رہیں۔ تبلیغی جماعت کے اجتماع کا حوالہ دیتے ہوئے شردپوار نے کہاکہ اس سے پہلے مہاراشٹرا کے ممبئی اور شولاپور میں ایسے ہی اجتماعات رکھنے کی تجاویز تھیں لیکن ریاستی حکومت نے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ شردپوار نے کہاکہ ’چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے اور وزیرداخلہ انیل دیشمکھ اگر ایسے فیصلے کرسکتے ہیں تو پھر دہلی میں اجازت دینے سے انکار کیوں نہیں کیا گیا۔ اس (تبلیغی جماعت) کے اجتماع کا اہتمام کرنے کی اجازت کس نے دی تھی۔