دہلی میں تشدد برپا کرنے کا اپوزیشن پر الزام : کجریوال

   

نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے دارالحکومت دہلی میں تشدد بھڑکانے کا اپوزیشن پر الزام عائد کیا۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی میں تشدد اور آتشزنی کے واقعات پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ عوام کو یہ سمجھنا چاہئے کہ پرتشدد واقعات کے پیچھے کون ہے اور انہیں سبق سکھانا چاہئے جس طرح 2015ء کے اسمبلی انتخابات میں سبق سکھایا گیا تھا۔ دوسری طرف دہلی بی جے پی کے قائدین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور سلم پور میں تشدد اور احتجاج کو بھڑکانے کا عام آدمی پارٹی کے قائدین پر الزام عائد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور رکن اسمبلی امان اللہ خان پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو بھڑکارہے ہیں۔ یہ قیاس کیا جارہا ہیکہ آئندہ سال ہونے والے دہلی کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی 65 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کی توقع ہے لہٰذا اپوزیشن جان بوجھ کر ماحول کو خراب کررہی ہے۔