دہلی میں تین بنگلہ دیشی غیر قانونی شہری گرفتار

   

نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) دارالحکومت میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے خلاف جنوب مغربی ضلع پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے ۔ جمعرات کو آپریشن سیل ٹیم نے آر کے پورم علاقے سے تین بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا۔ ہندوستان میں بغیر کسی درست دستاویزات کے رہنے والے یہ نوجوان خاموشی سے دہلی میں مقیم تھے اور یورپ فرار ہونے کی تیاری کر رہے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر امت گوئل نے آج بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت جھلک پال (25) رہائشی بالا گنج، سلہٹ، ڈھاکہ، محمد نورالابصار عرف ابصار (40) اور محمد عزیز الحق عرف حق (21)، رہائشی چٹگرام، بنگلہ دیش کے طورپر کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ آپریشن سیل کو مخبروں سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ مشکوک غیر ملکی شہری آر کے پورم علاقہ میں گھوم رہے ہیں۔ تفتیش کے دوران جب پولیس نے شناختی کارڈ طلب کیا تو تینوں کوئی بھی درست دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہے ۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ 2025 میں ہوائی جہاز کے ذریعہ ہندوستان پہنچے تھے اور ویزا ختم ہونے کے بعد بھی واپس نہیں گئے ۔