دہلی میں جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے تین فٹ اوپر

   

نئی دہلی، 2 ستمبر (یو این آئی) دہلی میں جمنا ندی کی آبی سطح منگل کی صبح خطرے کے نشان سے تین فٹ اوپر پہنچ گئی۔سنٹرل واٹر کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے پرانے ریلوے پل پر جمنا کی پانی کی سطح آج صبح 6 بجے 205.68 میٹر ریکارڈ کی گئی اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ یہاں خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے ۔دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں پیر کو ہوئی موسلادھار بارش اور ہریانہ کے ہتھینی کنڈ بیراج سے مسلسل بڑی مقدار میں پانی چھوڑنے کی وجہ سے قومی راجدھانی میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے جمنا نگر ضلع میں واقع ہتھینی کنڈ بیراج سے ہزاروں کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔جمنا کی بڑھتی ہوئی آبی سطح کے درمیان، دہلی میں انتظامیہ نے ریسکیو ٹیم اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو اسٹینڈ بائی موڈ پر رکھا ہے ۔ لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ جمنا کے کنارے نہ جائیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان علاقوں کو خالی کرنے کی تنبیہ کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ جمنا میں اب تک سب سے زیادہ پانی کی سطح 208.66 میٹر ہے جو 13 جولائی 2023 کو ریکارڈ کی گئی تھی۔