نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے جمعہ کے دن پنجاب، ہریانہ اور مرکز کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فصلوں کا کچرا جلانا بند کرنے کے لئے مدت کا تعین کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ قومی دارالحکومت میں فضائی معیار بدترین ہوچکا ہے کیوں کہ پڑوسی ریاستوں سے آلودگی کے عناصر یہاں داخل ہورہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کو اِس کا ذمہ دار قرار دیا جانا چاہئے جو دہلی کے عوام کا مذاق اُڑارہے ہیں۔ اِس لئے آلودگی میں کمی کے شدید ترین اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وقت کا تعین کیا جائے اور مثالی کارروائیاں کی جائیں تاکہ فصلوں کا کچرا جلانا بند ہوسکے۔ اُنھیں اپنی کارروائیوں کے لئے جوابدہ بھی بنایا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر دہلی کجریوال ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ آلودگی کی سطحیں دن بہ دن دہلی میں بڑھ رہی ہیں اور ہم میں سے ہر ایک دہلی کی فضاء کو آلودہ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہے۔ اُنھوں نے شہر کے ماحول کی دو تصویریں دکھائیں جو 30 سپٹمبر اور 31 اکٹوبر کو لی گئی تھیں۔ قائدین کا کہنا ہے کہ آلودگی کچرے کو نذر آتش کرنے کی وجہ سے نہیں ہے، میں اُن سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ ایک مہینے میں اتنے اضافہ کا اور کس وجہ سے امکان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی بڑی صنعتیں قائم نہیں کی گئیں۔ کوئی نئی گاڑیاں یہاں منتقل نہیں ہوئیں اور نہ دہلی میں آلودگی کی اور کوئی وجہ ہے۔ کجریوال نے سینئر بی جے پی قائد وجئے گوئل پر تنقید کی جو جمعہ کے دن ایک دن کے لئے احتجاجی دھرنا دے رہے تھے کیوں کہ عام آدمی پارٹی حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں ناکام رہی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک اپوزیشن لیڈر ایک دن کی بھوک ہڑتال پر ہے۔ ایسی چیزوں کی اہمیت میں کمی ہوجاتی ہے کیوں کہ مسئلہ سنگین ہے۔ وہ اِس سنگینی کو محسوس نہیں کررہے ہیں اور دہلی کے عوام کو اِس کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ میں اُن تمام لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ دہلی کے عوام پر الزام عائد کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔ حکومت دہلی نے آج ایک اعلامیہ جاری کیا ہے اور طاق ۔ جفت روڈ راشننگ اسکیم کو 4 نومبر تا 15 نومبر نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت دہلی سابقہ اعلامیہ میں نقل و حرکت کے اوقات بھی مقرر کرچکی ہے۔ مختلف محکموں کے دفاتر جو دہلی حکومت کے تحت ہیں 9.30 بجے دن سے 10.30 بجے دن تک ہی کام کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ قیمتوں میں اضافہ سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور طاق ۔ جفت اسکیم کے دوران آلات پر منحصر ٹیکسیوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت 50 لاکھ انسداد آلودگی نقاب آئندہ ایک ہفتے کے دوران عوام میں تقسیم کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ماحولیات کی آلودگی (انسداد و قابو عہدیداروں) صدرنشین اتھاریٹی بھورے لال سے اُن کی ملاقات ہوچکی ہے اور اُنھوں نے اِن اقدامات پر جو حکومت دہلی نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے کئے ہیں اظہار مسرت کیا ہے۔