دہلی میں عام آدمی پارٹی سے کوئی اتحاد ممکن نہیں : شیلا ڈکشٹ

,

   

آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مودی حکومت کو شکست فاش دینے کے مقصد سے اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ لگاتار متحد ہو کر میدان میں اترنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور اس درمیان عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے ایک بار پھر بات چیت کی۔ لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کانگریس دہلی میں سبھی سات سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرنے کے فیصلے پر قائم ہے۔ اس سلسلے میں دہلی کانگریس کی صدر شیلا دیکشت نے بھی میڈیا سے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ دہلی میں کسی بھی طرح کے اتحاد کا فیصلہ کانگریس کے ذریعہ نہیں لیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آج دن سے ہی کئی نیوز پورٹل پر اس طرح کی باتیں گشت کر رہی تھیں کہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی تین تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور ایک سیٹ پر شتروگھن سنہا یا یشونت سنہا کو ٹکٹ دیا جا سکتا ہے۔ لیکن شیلا دیکشت کے بیان نے صاف کر دیا ہے کہ کانگریس دہلی میں کسی کے ساتھ اتحاد کرنے نہیں جا رہی ہے۔