نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں ہوا کا معیا رمسلسل تیسرے دن خراب رہا۔ مجموعی طور پر ہوا کے معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) صبح 7 بجے 421 پر ریکارڈ کیا گیا۔ این سی آر میں آلودگی کی سطح قومی راجدھانی سے بھی بدتر رہی۔ نوئیڈا میں اے کیو آئی 458 ، جبکہ گروگرام میں 529 کا انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی حکومت نے بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر قومی راجدھانی میں بی ایس تین پٹرول اور بی ایس چار ڈیزل چار پہیہ گاڑیوں کے چلانے پر 12 جنوری تک عارضی پابندی عائد کر دی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے دو ڈگری کم ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ نے بدھ کو شہر کے تمام علاقوں میں گھنے دھند کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے ۔ ریلوے ترجمان کے مطابق دھند کے باعث 26 ٹرینیں ایک گھنٹہ تاخیر سے چل رہی ہیں۔