نئی دہلی : دہلی کے ماحولیات کے وزیر گوپال رائے نے بدھ کو کہا کہ دارالحکومت میں آلودگی کی سطح میں بہتری کے بعد پیر سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد مسٹر رائے نے 29 نومبر سے اسکول اور تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ دہلی میں اسکول 29 نومبر سے دوبارہ کھل جائیں گے ۔ سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں کو 27 نومبر سے دہلی کی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں کے علاوہ تمام قسم کی گاڑیوں کے دہلی میں 3 دسمبر تک داخلے پر پابندی ہوگی۔وزیر ماحولیات نے کہا کہ 29 نومبر سے سرکاری ملازمین دفاتر آئیں گے ۔ انہوں نے ملازمین سے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات اور مسماری میں کوئی غفلت پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔