نئی دہلی، 11 نومبر (یو این آئی) دہلی حکومت نے گریپ۔3نافذ ہونے کے بعد پانچویں جماعت تک کے اسکولوں کو آن لائن؍آف لائن طریقے سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن (سی اے کیو ایم) نے قومی راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر منگل سے گریپ-3 نافذ کر دیا ہے ۔ کمیشن نے اپنے حکم میں کہا کہ دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہوا کے معیار کو مزید خراب ہونے سے روکنے کیلئے گریپ۔3کے تمام اقدامات فوراً نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔دہلی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے سی اے کیو ایم کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے پانچویں جماعت تک کے اسکولوں کو آن لائن/آف لائن (ہائبرڈ) انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم سی، دہلی میونسپل کارپوریشن اور دہلی چھاونی بورڈ کے ماتحت تمام سرکاری، سرکاری امداد یافتہ، غیر امداد یافتہ اور منظور شدہ نجی اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ پانچویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے ‘ہائبرڈ موڈ’ میں کلاسز جاری رکھیں۔ یہ فیصلہ اگلے حکم تک فوری طور پر نافذ رہے گا۔سی اے کیو ایم کی ذیلی کمیٹی نے یہ قدم اُس وقت اٹھایا جب دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس پیر کے 362 سے بڑھ کر منگل کی صبح 425 تک پہنچ گیا۔ کمیٹی نے ہَوا کے رک جانے ، ساکن ماحول اور سازگار نہ ہونے والی موسمی صورتحال کو اس اچانک اضافے کی وجہ قرار دیا ہے ۔