دہلی میں ہنومان جینتی جلوس کے دوران پرتشدد واقعات

,

   

نئی دہلی: دہلی میں ہنومان جینتی کے موقع پر جہانگیرپوری علاقہ میں دو فرقوں کے درمیان تشدد بھڑک اٹھا۔ میڈیا کے مطابق ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران پتھراؤ کیا گیا، جس کے بعد کافی ہنگامہ آرائی ہوئی۔ جھڑپ کے دوران پولیس اہلکار سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جہانگیر پوری میں جلوس کے دوران ہنگامہ ہوا ہے۔ وہیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی پولیس کے خصوصی پولیس کمشنر (لا اینڈ آرڈر) دپیندر پاٹھک سے اس معاملہ میں بات کی ہے۔ انہوں نے تشدد کے پیش نظر ضروری اقدام کی ہدایت دی۔ پولیس عہدیدار نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ یہ ایک روایتی جلوس تھا اور حفاظت کے لئے پولیس اہلکار تعینات تھے لیکن کشل سنیما ہال کے پاس جلوس کے پہنچتے ہی دو فرقوں میں جھڑپ ہو گئی۔ تشدد کو روکنے کی کوشش میں موقع پر موجود پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں چل رہے لوگوں پر اوپر سے پتھربازی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔آگ لگنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور دھویں کے غبار کے درمیان سینکڑوں افراد نظر آرہے ہیں۔دریں اثنا، دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ تمام لوگوں کو امن برقرار رکھنا ہوگا۔ امن کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ دہلی میں امن و امان قائم کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔