دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کجریوال کا اسمبلی میں اعلان

   

Ferty9 Clinic

لوک سبھا انتخاب کیلئے چیف منسٹر دہلی کا ایجنڈہ طے، بی جے پی کو شکست دینے کا عزم

نئی دہلی :عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز دہلی اسمبلی میں اعلان کر دیا کہ اگلا لوک سبھا انتخاب دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیے جانے کے مسئلہ پر لڑا جائے گا۔ یعنی کیجریوال نے لوک سبھا انتخاب 2024 کا اپنا ایجنڈا طے کر دیا ہے اور یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ وہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ضرور دلائیں گے۔آج دہلی اسمبلی میں اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو دہلی میں سبھی سیٹوں پر شکست ہاتھ لگے گی۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے قانون بنا کر (دہلی سرویسز قانون) دہلی کی عوام کے اختیارات چھین لیے، لیکن میں دہلی کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو آپ کے حقوق واپس دلا کر رہوں گا، ہم کسی بھی حالت میں دہلی کا کام رکنے نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ دہلی سرویسز بل حال ہی میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں دونوں ایوانوں سے پاس ہو گیا تھا۔ اس کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ آج دہلی اسمبلی میں بھی انھوں نے مرکز کے خلاف اپنی آواز بلند کی اور کہا کہ انھوں نے (بی جے پی نے) جتنے کام کیے ہیں سب گناہ کیے ہیں۔ لوگوں کا علاج روکا، مفت بجلی روکی۔ اب اگر آپ گناہ کرو گے تو اس کا نتیجہ تو بھگتنا ہی پڑے گا۔ یہ زندگی بھر یہیں (اپوزیشن میں) بیٹھیں گے، ابھی تو 8 ہیں، اگلی بار 2 بھی نہیں بچیں گے۔ وزیر اعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ وہ (پی ایم مودی) دہلی والوں کو اور ان کے بیٹے کو ہرانا چاہتے ہیں۔ میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ نہ تو دہلی والے ہاریں گے اور نہ ہی ان کا بیٹا ہارے گا۔ سبھی مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ میں دہلی کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں آپ کا ایک بھی کام رکنے نہیں دوں گا۔ رفتار کچھ کم ہو جائے گی، لیکن سپریم کورٹ میں ہم ضرور جیت کر آئیں گے اور پھر دہلی میں تیزی سے کام ہوگا۔