نئی دہلی۔ 21 جون (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی آج ترقی اور ورثے کے امتزاج سے اپنی ایک نئی، مضبوط اور ثقافتی شناخت بنا رہی ہے ۔ ریکھا گپتا نے عالمی یوگا ڈے کے موقع پر آج جمنا کے کنارے سونیا وہار میں منعقدہ یوگا پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے ایکس پر کہا کہ دہلی والوں کا دل سے شکریہ۔ آج عالمی یوگا ڈے کے موقع پر دارالحکومت کے 11 مقامات پر منعقدہ شاندار یوگا فیسٹیول میں آپ کی پرجوش شرکت نے یہ ثابت کیا کہ جب حکومت اور معاشرہ ایک ساتھ چلتے ہیں تو ثقافت عوام کا عزم بن جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے شہریوں، عوامی نمائندوں، خدمت کے جذبے سے سرشار تنظیموں اور وقف یوگا سادھکوں کا خصوصی شکریہ، جن کے تعاون اور شرکت سے یہ ایونٹ انتہائی کامیاب اور متاثر کن رہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی ثقافتی طاقت اور روحانی روایات آج عالمی وقار حاصل کر رہی ہیں۔ یوگا کو عالمی پلیٹ فارم پر عزت دلانے کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے ۔ ان کی رہنمائی میں دہلی میں حکومت اور معاشرہ مل کر یوگا، صفائی اور زندگی کے اقدار کو ایک عوامی تحریک کی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی آج ترقی اور ورثے کے امتزاج سے اپنی ایک نئی، مضبوط اور ثقافتی شناخت بنا رہی ہے ۔ آئیے ، ہم سب مل کر دہلی کو تہذیب، ثقافت اور صحت مند طرز زندگی کا رہنما بنائیں۔ دہلی کے وزیر آشیش سود نے چھترسال اسٹیڈیم میں یوگا میں شرکت کے بعد صحافیوں سے کہا کہ یوگا زندگی کا ایک اہم حصہ ہے ۔ ہمارے نظم و ضبط اور سماجی ہم آہنگی کیلئے یہ بہت اہم ہے ۔ کابینہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے تیاگراج اسٹیڈیم میں یوگا پروگرام میں حصہ لیا۔ کابینہ کے وزیر کپل مشرا نے کہا کہ دہلی کو گزشتہ کئی سال سے یوگا اور جمنا سے دور رکھا گیا تھا، لیکن اب دہلی نے یوگا اور جمنا سے جڑنے کیلئے عوامی مینڈیٹ دیا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے تحت ہماری حکومت جمنا کی صفائی کے لئے پرعزم ہے ۔