نئی دہلی: دہلی میں 12ویں جماعت کے ایک طالب علم کو 23 اسکولوں کو بم کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق طالب علم نے چھ بار بم کی دھمکی والی ای میلز بھیجیں، ہر بار کسی دوسرے اسکول کو نشانہ بنایا، لیکن کبھی بھی اپنے اسکول کا نام شامل نہیں کیا۔تفتیش سے معلوم ہوا کہ طالب علم نے یہ حرکت محض تفریح اور دوسروں کو ڈرانے کے لیے کی تھی۔ تاہم ان دھمکیوں سے اسکول انتظامیہ، طلبہ اور والدین میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔اس معاملے کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب یوم جمہوریہ (26 جنوری) کے سیکورٹی انتظامات کے لیے سخت تیاریاں جاری ہیں، اس طرح کی دھمکیاں انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔
سیکیورٹی ادارے پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہیں اور اس واقعے نے چوکسی مزید بڑھا دی ہے۔پولیس نے تکنیکی تجزیہ کے ذریعے طالب علم کی شناخت کی اور اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ افسر نے کہا کہ یہ کیس سائبر کرائم اور بچوں میں ڈیجیٹل ذمہ داری کی کمی کو نمایاں کرتا ہے۔اس واقعے کے بعد پولیس نے والدین اور اسکول انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔