2012 میں کم عمر ہونے کا دعویٰ غلط، فرضی حلفنامہ پیش کرنے پر وکیل کی سرزنش
نئی دہلی 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے نربھیا کیس کے چار مجرمین کے منجملہ ایک کی اس درخواست کو مسترد کردیا جس میں مجرم نے یہ کہا تھا کہ 16 ڈسمبر 2012 ء کو نربھیا کی اجتماعی عصمت ریزی کے وقت وہ کمسن تھا۔ جسٹس سریش کمار نے مجرم کے وکیل اے پی سنگھ پر 25 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا۔ کئی نوٹسیں دینے کے بعد بھی وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے اور آنکھ مچولی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ عدالت نے بار کونسل آف دہلی سے کہا ہے کہ وہ مجرم کی عمر سے متعلق فرضی دستاویزات و حلفنامہ عدالت میں پیش کرنے پر وکیل کے خلاف کارروائی کرے۔ نربھیا کی عصمت ریزی کیس کے مجرم پون کمار گپتا نے عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے عصمت ریزی واقعہ کے وقت کم عمر ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ دیگر تین مجرمین میں مکیش، ونئے شرما اور اکشے سنگھ شامل ہیں۔نربھیا کے والدین کے بشمول مختلف تنظیموں کی جانب سے مجرمین کو فوری پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔