دہلی ۔ رائے بریلی کے درمیان فضائی خدمات کا عنقریب آغاز

   

رائے بریلی : بی جے پی لیڈر اور سپریم کورٹ کے وکیل اجے اگروال نے رائے بریلی سے تقریباً 10 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع فرصت گنج ہوائی اڈے سے دہلی کے لیے فضائی سروس شروع ہونے کا یقین ظاہر کیاہے ۔ اس سلسلے میں اجے اگروال نے نجی ایئر لائن اسپائس جیٹ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر اجے سنگھ سے تفصیلی گفتگو کی۔انھوں نے انھیں بتایا کہ رائے بریلی کے عوام کافی دنوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فرصت گنج ایئرپورٹ سے دہلی کے لیے فضائی سروس شروع کی جائے کیونکہ رائے بریلی سے روزانہ بڑی تعداد میں مسافر دہلی روانہ ہوتے ہیں اور اس کے لیے ان کے پاس لکھنؤ کے اموسی ہوائی اڈے جانا پڑتا ہے جبکہ فرصت گنج ہوائی اڈہ رائے بریلی سے 10 منٹ کی دوری پر واقع ہے اور یہاں جدید ترین سہولیات میسر ہیں۔ اس سلسلے میں اسپائس جیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ وہ 23 جنوری سے ایودھیا کے لیے کئی پروازیں شروع کرنے جا رہے ہیں اور وہ فوراً اس بات پر غور کریں گے کہ ایک پرواز ایودھیا سے براہ فرصت گنج دہلی آئے اور پھر رات کو فلائٹ دہلی سے چل کر فرست گنج ہوتے ہوئے ایودھیا چلی جائے ۔ بی جے پی لیڈراجے اگروال نے اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اسپائس جیٹ ایئر لائنز کو رائے بریلی سے دہلی تک کافی تعداد میں مسافر ملیں گے اور انہیں کسی قسم کا کوئی خسارہ نہیں ہوگا۔