دیسی ویکسین پر شکوک ٹھیک نہیں: کشن ریڈی

   

حیدرآباد : مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ جامع انداز میں ٹسٹنگ کے بعد ہی کورونا ٹیکہ کو منظوری حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے ویکسین کی قابلیت اور اہلیت پر پیش کئے جانے والے شبہات کے تناظر میں اپنا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیرضروری شکوک پیدا کرنے والوں سے خواہش کی کہ وہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کریں۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ بیرونی ممالک میں تیار ہونے والے میڈیسن کو ہی بہتر سمجھا جارہا ہے اور ہمارے سائنسدانوں کے تیار کردہ میڈیسن کو اہمیت نہیں دی جارہی ہے جو غلط رجحان ہے۔ اس طرح کے امور پر بات کرنا ہی غلط ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ مکمل سطح کی ٹسٹنگ کے بعد ہی کورونا ٹیکہ کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا یہ ویکسین ہر ایک کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ کشن ریڈی نے کورونا ویکسین تیار کرنے والے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔